(1) 100 سال تک سوتے رہے :
ایک مرتبہ اللہ پاک کے نبی حضرتِ عُزَیْر عَلَیْہِ السَّلَام’’ بَیْتُ الْمَقْدِس‘‘(ایک پیاری سی جگہ) کے پاس سے گزر ے، آپ عَلَیْہِ السَّلَام کے پاس ایک برتن میں کھجور اور ایک پیالے میں انگور کا شربت (grape juice ) تھا نیز آپ ایک دَرَازگوش (Donkey) پر تھے ۔ آپ عَلَیْہِ السَّلَام بَیْتُ الْمَقْدس میں جگہ جگہ گئے لیکن آپ کو کوئی آدمی نظر نہیں آیا، سب گھر خالی تھے، یہ دیکھ کر آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے کہا، جیسا کہ قرآنِ پاک میں ہے( ترجمہ۔Translation : )اللہ اِنہیں اِن کی موت کے بعد کیسے زندہ کرے گا؟ (پ3، البقرۃ:259) (ترجمہ کنز العرفان)یہ کہنے کے بعد آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے اپنا جانور کسی جگہ باندھااور سونے کے لیے لیٹ گئے، یہ صُبْح کا وقْت تھا۔آپ سوئے توآپ کی رُوح نکال لی گئی اور آپ ”100 سال تک سوتے رہے‘‘، اس وقت میں آپ کا گدھا تو مرگیامگرآپ عَلَیْہِ السَّلَام کا برکت والا جسم بالکل صحیح رہا لیکن کوئی بھی آپ کو دیکھ نہ سکا پھر اللہ پاک نے 100 سال بعد آپ کو شام کے وقْت زندہ کیا ،اورفرمایا : تم کتنے دن سے یہاں رُکےہوئے ہو؟ آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے عرْض کی:’’ایک دن یا اِس سے کچھ کم وقْت۔‘‘کیونکہ آپ عَلَیْہِ السَّلَام کا یہ خیال تھا کہ یہ اُسی دن کی شام ہے جس کی صُبْح میں سویا تھا۔اللہ پاک نے فرمایا: آپ یہاں 100 سال سے ٹھہرے ہیں، اپنے کھانے پینے کی چیزیں دیکھیں ! وہ بالکل صحیح ہیں اور اپنے گدھے کو بھی دیکھیں کہ وہ کس حال میں ہے! جب آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے کھجوریں(Dates ) اورانگور کا شربت دیکھا تووہ بالکل صحیح تھے لیکن گدھا بالکل ختم ہو گیا تھا ، صِرْف ہڈّیاں نظر آرہی تھیں۔ اللہ پاک کے حکم سے دیکھتے ہی دیکھتے گدھا زندہ ہوکر آواز نکالنے لگا۔ حضرتِ عُزَیْرعَلَیْہِ السَّلَام نے جب یہ دیکھا تو فوراً کہا: میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ اللہ پاک جو چاہے، وہ کام کرسکتا ہے ۔ (ماخوذ اَز صِراط الجِنان ،ج1، ص391)
پیارے بچّو اور اچھی بچّیو!
اس حكايت( یعنی سچّے واقعے) سے ہمیں یہ پیاری باتیں پتا چلیں کہ *اللہ پاک جو چاہے، وہ کام کر سکتا ہے*جس طرح اللہ پاک نے 100سال بعد حضرتِ عُزَیْر عَلَیْہِ السَّلَام کو زندہ فرمایا اور آپ کے گدھے کو بھی زندہ کیا اِسی طرح ِ قِیامت کے دن بھی اللہ پاک سب لوگوں کو زندہ فرمائے گااور اُن سے اُن کے اچھے بُرے کاموں کے بارے میں پوچھے گا *اس سے نبیوں کی شان بھی پتا چلی کہ سو سال تک سوتے رہے مگر اللہ پاک کے حکم سے آپ کے جسم اور آپ کے کھانے کو بھی کچھ نہیں ہوا۔
(مدنی چینل دیکھتے رہیئے)