(57) غوث پاک کی دعا :
ایک زمین تھی کہ جہاں کھجور کے دو درخت تھے مگر چارسال(40) سےپھل نہیں دےرہے تھے۔ایک مرتبہ حُضُوْر غَوْثِ پاک شَیْخ عَبْدُالقادر جِیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ وہاں آئےاور ان میں سے ایک درخت کے نیچے وضو کیااور دوسرے درخت کے نیچےدو رکعت نماز پڑھی تو فوراً دونوں دَرَختوں پر پتے آگئےاور کچھ دن میں اُن سے پھل بھی نکل آئے جب کہ اس وقت کہیں بھی کسی درخت پر بھی کھجور نہیں تھی ۔میں نے کچھ کھجوریں آپ کو دیں ، آپ نےکھانے کے بعد دعا فرمائی تو اُس زمین میں پیدا ہونے والی چیزوں اورجانوروں میں بہت اضافہ ہوگیا۔ (بہجۃالاسرار، ص91)
پیارے بچّو اور اچھی بچّیو! اس سچّے واقعے سے ہمیں پتا چلا کہ اللہ پاک کے نیک بندوں کی دعا سےبہت برکت ہوتی ہے اور نیک بندے لوگوں کی مشکلیں دورکردیتے ہیں۔ یہ بات بھی یاد رہے کہ ہمیں اللہ پاک کے نیک بندوں سے صرف دنیا کی بہتری ہی کی دعا نہیں کروانی چاہیئے بلکہ دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کی بھلائی کی بھی دعا کروانی چاہیئے۔اللہ پاک نے ہمیں یہ پیاری دعا ،قرآنِ پاک میں سکھائی ہے .ترجمہ:اے ہمارے رب!ہمیں دنیا میں بھلائی عطا فرما اور ہمیں آخرت میں (بھی) بھلائی عطا فرما اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا۔ (سورۃ البقرۃ، پ2،آیت201) (ترجمہ کنز العرفان)
(مدنی چینل دیکھتے رہیئے)